لندن میں میاں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات

0

 

لندن  پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی تحریک سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کو شہبازشریف کا اہم پیغام بھی پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق سینئر نائب صدر ن لیگ اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گزشتہ شب امریکا سے لندن پہنچ گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کی۔

جس میں شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کو شہبازشریف کا پیغام پہنچایا۔ شاہد خاقان عباسی قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے ایک اور ملاقات کریں گے۔ یاد رہے شاہد خاقان عباسی 12جنوری کو واپس پاکستان پہنچیں گے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 24 دسمبر کو اپنی بہن کی عیادت کے لیے امریکا گئے تھے۔ وفاقی حکومت نے شاہد خاقان عباسی کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، بہن کی عیادت کیلئے ان کا نام 15 روز کیلئے ای سی ایل سے نکالا گیا تھا۔

دوسری جانب وطن واپسی پر شاہد خاقان عباسی کو ایک اور نیب کیس کا سامنا کرنا پڑے گا، نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایک اور انکوائری کھول دی ہے۔ نیب دستاویز کے مطابق سابق وزیراعظم کوپاکستان ایل این جی لمیٹڈ میں مبینہ غیر قانونی بھرتی پر 10 جنوری کو طلب کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے عدنان گیلانی کو مبینہ طور پر رولز کے خلاف ایل این جی لمیٹڈ کا چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) لگایا تھا۔

نیب نوٹس کے متن کے مطابق شاہدخاقان عباسی، عدنان گیلانی کی تعیناتی کے وقت پٹرولیم کے وزیر تھے۔ نیب عدنان گیلانی سے ایل این جی کیس میں تحقیقات کررہا ہے، نوٹس میں سابق وزیراعظم سے استفسار کیا گیا کہ آپ عدنان گیلانی کو کیسے اور کب سے جانتے ہیں۔ اسی طرح احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں نیب کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایک روزہ استثنی کی درخواست منظور کرلی۔


Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)